متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ 1200 دفتر 24 کروڑ لوگوں کو ڈیل کر رہے ہیں، ہم جو کہہ رہے ہیں اس سے 1 لاکھ 80 ہزار دفاتر لوگوں کی خدمت کریں گے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کل ہم نے ایک ترمیم جمع کروائی تھی، جس میں لوکل گورنمنٹ کو اختیارات دینے کی بات کی، اٹھارہویں ترمیم کے بعد جو اختیارات صرف وزیرِ اعلیٰ تک گئے تھے، ہم نے ان کو یو سی تک پہنچانے کی بات کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 140میں 3 ترامیم کی تجویز دی، 7600 ارب روپے صوبوں کو جا رہے ہیں، سندھ کو 1800 ارب روپے جا رہے ہیں، اب یہ وزیرِ اعلیٰ کا اختیار ہے وہ کسی ڈسٹرکٹ یا یونین کونسل کو دے یا نہ دے۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ فنڈز ڈسٹرکٹ اور یونین کونسل تک پہچانے کی ترمیم باقاعدہ منظور کی، یہ صرف کراچی سندھ کی بات نہیں ہے، یہ 24 کروڑ لوگوں کے حقوق کی بات ہے، یہ آئینی ترمیم کا مسودہ ہم نے جمع کروا دیا ہے۔
ایم کیو ایم کے رہنما نے کہا کہ ایم کیو ایم راہ میں رکاوٹ نہیں ہے اور بینیفشری بھی نہیں ہے، ہم آئین و قانون میں جو فیصلہ ہو گا، اس کو مانیں گے، یہ مسئلہ سیاست سے بالاتر والی بات ہے، ہماری جتنی بات ہوتی ہے ہم اس کا اظہار کر دیتے ہیں، اگلے دو تین ہفتوں میں ہمیں پتہ چلے گا کہ ان فیصلوں پر عمل درآمد کس طرح ہوتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ آپ افراد پر یہ بات نہ چھوڑیں، یہ بات سسٹم پر چھوڑیں، ہم نے ایک نظام دے دیا ہے، آج کا نظام ایک فرد پر چل رہا ہے۔