سلمان خان کے مشہور محافظ شیرا نے آئیفا ایوارڈز 2023 شو کے دوران وکی کوشل کو دھکے دیے جانے سے متعلق افواہوں کی بلآخر تردید کردی۔
شیرا نے حالیہ انٹرویو میں وضاحت کی کہ آئیفا 2023 کی ویڈیو میں جہاں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ سلمان خان اور ان کے باڈی گارڈ نے وکی کوشل کو دھکا دیا، وہ دراصل حقیقت پر مبنی نہیں تھا۔
شیرا نے کہا کہ "ہم نے وکی کو دھکا نہیں دیا تھا۔ میں اس وقت وہاں موجود نہیں تھا۔ وہ ہمارے ساتھ ایک اور لڑکا تھا لیکن اس نے بھی وکی کو دھکا نہیں دیا۔”
انہوں نے کہا کہ "حقیقت میں وہاں وکی اور بھائی (سلمان خان) کے درمیان بات چیت ہوئی تھی۔ اس واقعے کو سراسر غلط انداز میں پیش کیا گیا تھا۔ وکی سلمان بھائی کے اچھے دوست ہیں۔”
واضح رہے کہ گرمیت سنگھ جولی عرف شیرا 1995 سے بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان کے محافظ ہیں۔
وہ سیاست سے بھی وابستہ رہے ہیں، انہوں نے اکتوبر 2019 میں سیاسی جماعت شیو سینا میں شمولیت اختیار کی تھی۔