بانی چیئرمین پاکستا ن تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے کہا ہے کہ عدلیہ واحد ادارہ ہے، جس سے انہیں امید ہے۔
اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ عدلیہ کو تباہ کرنے کی کوشش کی گئی تو سڑکوں پر احتجاج کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں جھوٹ بولا جاتا ہے کہ انہیں فائیو اسٹار سہولتیں دی گئی ہیں، ان کے پاس وہی سہولتیں ہیں جو سزائے موت کے قیدی کو ملتی ہیں۔
بانی چیئرمین نے مزید کہا کہ نواز شریف، شہباز شریف اور آصف زرداری کو جیل میں ایئرکنڈیشنڈ کمرے اور اٹیچ باتھ دیے گئے تھے۔ انہیں تو نہانے کےلیے بھی دوسرے کمرے میں جانا پڑتا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ شدید گرمی میں جیل کا سیل اوون بن جاتا ہے، لیکن انہوں نے کبھی شکایت نہیں کی۔
عمران خان نے یہ بھی کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے القادر یونیورسٹی کے عطیات بند کروا دیے ہیں، یونیورسٹی بند ہوئی تو ان کا نہیں، طلبہ کا نقصان ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ نیب ترامیم کا فیصلہ ڈھائی ماہ سے التوا کا شکار ہے، گیم کھیلا جارہا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں سزا کے بعد وہ فیصلہ سنایا جائے گا۔
بانی چیئرمین نے کہا کہ محسن نقوی نے کرکٹ کا بیڑا غرق کردیا ہے، بنگلادیش سے وائٹ واش سے بری شکست اور کیا ہوگی؟ کرپٹ لوگوں کو مسلط کرکے ملک کا بیڑا غرق کیا گیا۔