وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ گورنر فیصل کریم کنڈی غیر ضروری بیانات دے رہے ہیں۔
جیو نیو ز کے پروگرم ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کے دوران بیرسٹر سیف نے کہا کہ فیصل کریم کنڈی کے پاس کچھ ہے نہیں، وہ بغیر کسی ثبوت کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور پر الزامات لگا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گورنر فیصل کریم کنڈی باتیں کرنے کے بجائے ایکشن لیں اور وزیراعلیٰ کو کہہ دیں کہ وہ اعتماد کا ووٹ لیں، علی امین لے لیں گے۔
بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ کرپشن کے الزامات پر تحقیقاتی کمیٹی نے ایک وزیر کو نکالا، وزیراعلیٰ کے خلاف غلط ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم جلسہ کرنا چاہتے ہیں، انتظامیہ اور وزارت داخلہ چھوٹی چیزوں پر بڑا تاثر دیتے ہیں۔
بیرسٹر سیف نے یہ بھی کہا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور مختلف عدالتوں میں پیش ہورہے ہیں۔