پشاور ہائی کورٹ نے وزیراعلیٰ خیبرپختون خوا علی امین گنڈا پور کی راہداری ضمانت کی درخواست کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔
2 صفحات پر مشتمل حکم نامہ جسٹس ارشد علی نے تحریر کیا ہے۔
پشاور ہائی کورٹ کی جانب سے جاری کیے گئے تحریری حکم نامے کے مطابق درخواست گزار علی امین گنڈا پور خیبر پختون خوا کے وزیراعلیٰ ہیں، 5 اکتوبر تک راہداری ضمانت دی جاتی ہے، علی امین گنڈاپور کو کسی بھی درج مقدمے میں گرفتار نہ کیا جائے۔
پشاور ہائی کورٹ نے تحریری حکم نامے میں کہا ہے کہ وفاقی اور پنجاب حکومت کی ذمے داری ہے کہ علی امین کو مقدمات کی تفصیل دیں، درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے وزیراعلیٰ کو گرفتار کرنے کا خدشہ ہے، درخواست گزار کا حق ہے کہ متعلقہ عدالتوں میں پیش ہو کر ضمانت حاصل کرے۔