پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما و سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کی حکومت آنے پر نیب قوانین باریاں بدلنے والے ٹولے کے لیے ختم کیے گئے۔
سینیٹر شبلی فراز نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف نے کرپشن کے خلاف قوانین بنائے، یہ پاکستان تحریکِ انصاف پر حملہ نہیں پاکستان پر حملہ تھا، آج کا فیصلہ این آر او 2 ہے اور پارلیمنٹ سے بھی اس قسم کے قوانین پاس ہو رہے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں آپ دیکھیں گے کہ ایسے قوانین پھر بنائے جائیں گے، غیر شفاف انتخابات سے جعلی پارلیمنٹ بنائی گئی، بڑی سیاسی جماعت کو دیوار سے لگایا گیا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا یہ عوامی نمائندے نہیں ہیں کیونکہ پاکستان کی عوام کی اکثریت نے پی ٹی آئی کو ووٹ دیے، مختلف انتخابی نشان کے ہوتے ہوئے بھی عوام نے ووٹ دیا۔
اُنہوں نے کہا کہ جلسے جلوس پر قانون سازی کی گئی کہ اسلام آباد میں جلسے پر 10 سال سزا ہوگی۔