وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پولیس چیک پوسٹوں کے درمیان پولیس پیٹرولنگ کا انتظام کیا جائے، پولیس چیک پوسٹوں پر حملہ کرنے والوں کو ایسا سخت جواب دیں کہ آئندہ حملے کی جرأت نہ کریں۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت امن و امان سے متعلق امور کا جائزہ اجلاس ہوا جس کے دوران انہوں نے پولیس کو ایک ارب روپے کی گرانٹ کی منظوری دے دی۔
انہوں نے عید میلادالنبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات اور پولیس افسران کو علمائے کرام کے پاس جا کر ملاقات کرنے کی ہدایت کی۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے صوبائی سرحدی چوکیوں کی تعداد بڑھانے کی تجویز کی منظوری دے دی۔
مریم نواز نے پولیس اہلکاروں کو بلٹ پروف گاڑیاں، بلٹ پروف جیکٹس فوری دینے کا حکم دیتے ہوئے سرحدی پوسٹوں پر تعینات پولیس اہلکاروں کی خصوصی ٹریننگ کروانے کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے بارڈر ملٹری پولیس کی تشکیلِ نو اور جدید ٹریننگ کی ہدایت اور غیر قانونی اسلحے کے خاتمے کے لیے مہم مزید تیز کرنے کا حکم بھی دیا۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے آن ڈیوٹی پولیس اہلکاروں کے سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی عائد کر دی۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اس موقع پر کہا کہ عوام کے تحفظ کے لیے جو کچھ بھی کرنا پڑا ضرور کیا جائے گا، جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے، پولیس جرم سرزد ہونے کا انتظار کیے بغیر پیشگی ایکشن کی اہلیت پیدا کرے۔