مشہور امریکی کمپنی ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک کی بیٹی ویویان ولسن نے والد کے امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ سے متعلق بیان پر غصے کا اظہار کیا ہے۔
ایلون مسک کی بیٹی ویویان ولسن نے اپنے والد کے حالیہ بیان پر سخت تنقید کی ہے، جس میں مسک نے امریکی پاپ اسٹار گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کے کملا ہیرس کی صدارتی مہم کی حمایت کرنے کے بعد ان سے ایک بچے کی پیشکش کی تھی۔
ایلون مسک کی بیٹی ویویان ولسن جو 2022 میں ٹرانس جینڈر کے طور پر سامنے آئی تھیں، نے انسٹاگرام پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ مسک کا بیان انہتائی فضول ہے، جسے انہوں نے اپنی دوسری پوسٹ میں بھی دہرایا۔ ان کا کہنا ہے کہ مسک کی باتیں ’گھناؤنی‘ اور ’انتہائی جنس پرستانہ‘ ہیں۔
ویویان نے مزید کہا کہ وہ اپنے والد سے کسی قسم کی وابستگی نہیں رکھنا چاہتیں، لیکن انہوں نے اس معاملے پر بات کرنا ضروری سمجھا۔
انہوں نے اپنے پیغام میں لوگوں کو مشورہ دیا کہ ایسے بیانات کو نظرانداز کریں جو ان کی عزت نفس کو مجروح کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی بلّی کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ وہ 2024ء کے صدارتی انتخابات میں کملا ہیرس اور ٹم والز کو ووٹ دیں گی۔
ٹیلر سوئفٹ کا کہنا تھا کہ وہ کملا ہیرس کو ووٹ اس لیے دیں گی کہ وہ حقوق کے لیے لڑتی ہیں اور اسی وجہ سے مجھے یقین ہے کہ ہمیں ایک جنگجو کی ضرورت ہے۔
جس کے بعد ایلون مسک نے ٹیلر سوئفٹ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے لکھا تھا، "ٹھیک ہے ٹیلر، تم جیت گئی ہو۔۔۔میں تمہیں ایک بچہ دوں گا اور تمہاری بلیوں کی حفاظت اپنی زندگی سے زیادہ کروں گا۔”
تاہم ایلون مسک کی ٹرانسجینڈر بیٹی ویویان کے اس ردعمل نے مسک کے حالیہ بیانات پر مزید تنقید کو جنم دیا ہے اور اس نے والد کی جانب سے کیے گئے ان متنازعہ تبصروں کی مذمت کی ہے۔