وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا بیرسٹر محمد علی سیف کے بیان پر ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ڈرامے بازی بند کریں علی امین گنڈاپور بتا چکے ہیں کہ وہ افغانستان سے کیوں بات کرنے جا رہے ہیں، علی امین گنڈاپور نے خود کہا وفاق اور اس کی خارجہ پالیسی کو کچھ نہیں سمجھتا۔
انہوں نے کہا کہ آپ کے وزیرِ اعلیٰ کہتے ہیں کہ وہ اپنی مرضی کے فیصلے کریں گے، وزیرِ اعلیٰ کے پی کو بتائیں ملک کی خارجہ پالیسی وفاق بناتا ہے صوبے نہیں۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ صوبے کی بہتری کے لیے سفیروں سے ملاقات کرنا اچھی بات ہے، وزیرِ اعظم کے ساتھ غیر ملکی دوروں پر جانا وفاق کو مضبوط کرنا ہوتا ہے، کسی صوبے کے وزیرِ اعلیٰ کا ملکی پالیسی کے خلاف بات کرنا ریاست کے مخالف جانے کے مترادف ہے۔
عظمیٰ بخاری نے یہ بھی کہا کہ دوسرے ملک کے نمائندوں سے وفاق کو بائی پاس کر کے ملنا سوالات کو جنم دیتا ہے۔