متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم بڑے مقصد کی خاطر آئینی ترمیم کو سپورٹ کرسکتی ہے۔
فاروق ستار نے اسپیکر چیمبر میں غیر رسمی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمومی طور پر اس قسم کی قانون سازی کو پسندیدہ نہیں کہا جاسکتا لیکن ملک میں استحکام کے لیے اگر آئینی ترمیم کی ضرورت ہو تو ہونی چاہیے۔
اُنہوں نے کہا کہ آئینی ترمیم میں اصلاحات کا پہلو بھی ہے، آئینی ترمیم کے تمام موضوعات بتا دیے گئے ہیں، تفصیلی کانٹینٹ ملنے کے بعد ہم کوئی فیصلہ کریں گے۔
ایم کیو ایم کے رہنما نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کو ثانوی کچھ چیزوں پر اختلاف ہے تاہم باقی تمام امور پر انڈر اسٹینڈنگ ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ آئینی اور سیاسی بحران ختم کیے بغیر اسی طرح ملک نہیں چل سکتا، ہم سمجھتے ہیں کہ ملک کے لیے استحکام انتہائی ضروری ہے۔
ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ حکومت کو ضمانت دینی ہو گی کہ مہنگائی اور بیروزگاری کا بھی حل نکالے گی۔
اُنہوں نے کہا کہ ہزاروں کیسز پڑے ہیں، ان مقدمات کو کب حل کیا جائے گا؟
ایم کیو ایم کے رہنما کا کہنا ہے کہ معاشی بحران کے حل کے لیے بھی ایسے اقدامات کرنے چاہئیں، عدالتی فیصلے سے حکومت کی دوتہائی اکثریت پر کچھ اثر نہیں پڑے گا۔