سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے گالف کلب کے قریب فائرنگ کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔غیر ملکی خبرساں ایجنسی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ فائرنگ سے محفوظ رہے۔امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ٹرمپ پر فائرنگ فلوریڈا میں ویسٹ پام بیچ میں واقع ٹرمپ گالف کلب کے قریب ہوئی، سیکرٹ سروس کی ٹیمیں جائے وقوعہ کی طرف پہنچ رہی ہیں۔امریکی میڈیا کے مطابق ویسٹ پام بیچ کےگالف کلب کےنزدیک دو افراد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے، دونوں افراد ایک دوسرے پر فائرنگ کر رہے تھے، فائرنگ کا نشانہ ٹرمپ نہیں تھے۔امریکی میڈیا نے ٹرمپ کی انتخابی مہم کے ترجمان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ محفوظ ہیں اور اس وقت واقعے کے حوالے سے مزید تفصیلات معلوم نہیں ہوسکیں۔خیال رہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر جولائی میں انتخابی ریلی کے دوران فائرنگ ہوئی تھی جس سے وہ زخمی ہوئے تھے جبکہ فائرنگ سے ریلی میں شریک ایک شخص ہلاک ہوگیا تھا۔فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ پنسلوینیا کے علاقے بٹلر میں منعقد ریلی کے شرکا سے خطاب کے لیے اسٹیج پر موجود تھے۔گولی بظاہر ٹرمپ کے کان کو چھوتی ہوئی نکل گئی۔فائرنگ کے بعد سکیورٹی اہلکاروں کی کارروائی میں حملہ آور بھی مارا گیا تھا۔