پاکستانی معروف اداکار و ہدایتکار دانش نواز نے بڑے بھائی، اداکارہ و ہدایتکار یاسر نواز کے ساتھ ماضی کا دلچسپ قصہ سنا کر پرانی یادیں تازہ کردیں۔
حال ہی میں دانش نواز نے سب تک نیوز کے مزاحیہ شو ’ہنسنا منع ہے‘ میں شرکت کی۔
اس دوران انہوں نے اپنے کیریئر اور پروجیکٹس سے متعلق بات کرنے سمیت ماضی کی حسین یادوں سے پردہ اٹھایا۔
دانش نواز نے جہاں شو کے میزبان تابش ہاشمی کے سوالوں کے جواب دیے وہیں باتوں باتوں میں اپنے والد سے پڑنے والے زناٹے دار تھپڑ کی یاد بھی تازہ کی۔
دانش نواز نے بتایا کہ ایک بار میں اپنے دوست کے ساتھ سگریٹ پی رہا تھا، اسی دوران ایک گاڑی آ کر ہمارے پاس رکی، ہمیں دیکھا اور چلی گئی، گاڑی کے رکنے پر ہم بھی ذرا ٹھہر گئے اور گاڑی کے جاتے ہی ہم نے دوبارہ سے سگریٹ نوشی شروع کر دی۔
دانش نواز نے بتایا کہ میرے گھر پہنچنے پر والد نے پوچھا کہ کس کے ساتھ گھوم رہے تھے؟ سگریٹ پی رہے تھے؟ اتنی جلدی اور سخت سوالات پر میرے منہ سے سچ نکل گیا، میرے منہ سے ہاں سننا تھا کہ والد نے زور دار تھپڑا رسید کر دیا۔
دانش نواز نے مزید کہا کہ نا صرف سگریٹ پینے پر میں نے ابا کے ہاتھوں مار کھائی بلکہ میرے دوست کو بھی بلا کر ابا نے سگریٹ پینے پر پٹائی لگائی۔