بھارتی ریاست گجرات کے شہر بھاونگر کے علاقے سیہور میں ایک اسپتال میں ڈاکٹر کو مریض کے رشتہ داروں نے اس وقت مارا پیٹا جب ڈاکٹر نے ان سے ایمرجنسی روم میں داخل ہونے سے پہلے جوتے اتارنے کی درخواست کی۔
یہ واقعہ ہفتے کے روز پیش آیا جب ملزمان ایک خاتون کے علاج کےلیے اسپتال پہنچے جو سر پر چوٹ لگنے کی وجہ سے زخمی ہوگئی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اسپتال کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کچھ افراد خاتون کے بستر کے قریب کھڑے ہیں اور اسی وقت ایک ڈاکٹر کمرے میں داخل ہوتا ہے اور مریض کے ایک رشہ دار کو جوتے اتارنے کا کہتا ہے۔
اس پر دونوں جانب سے تکرار ہوتی ہے جس کے بعد ملزمان ڈاکٹر پر حملہ کرتے ہوئے ان پر لاتوں اور گھونسوں کی بارش کردیتے ہیں۔
حملے کے دوران نہ صرف ڈاکٹر کو مارا پیٹا گیا بلکہ کمرے میں موجود دوائیں اور دیگر سامان کو نقصان پہنچایا گیا۔
دوسری جانب نرسنگ عملہ اور مریضہ بھی حملہ روکنے کی کوشش میں ناکام رہے۔
پولیس نے ڈاکٹر پر حملہ کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔
واضح رہے کہ یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا جب بھارت میں کولکتہ کے آر جی کار میڈیکل کالج میں ایک رہائشی ڈاکٹر کے ساتھ ریپ اور قتل کے معاملے پر غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔