پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار فہد شیخ نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہیں ایک ڈائریکٹر نے خود بلا کر بہت بری طرح ریجیکٹ کیا۔
فہد شیخ نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنے کیریئر کے آغاز میں ہونے والے ایک دردناک تجربے کے بارے میں بات کی۔
اُنہوں نے بتایا کہ جب ڈرامہ سیریل ’جلن‘ میں کامیاب اداکاری کے بعد مجھے مختلف پروڈکشن ہاؤسز کی جانب سے کام کی پیشکش کے لیے کالز آنے لگی تھیں۔
اداکار نے بتایا کہ ایک پروڈکشن ہاؤس نے کال کر کے مجھے دفتر بلایا تو میں پورے اسٹائل میں کالا کُرتا اور پشاوری چپل پہن کر تیار ہو کر گیا اور جیسے ہی ڈائریکٹر سے ملنے دفتر میں داخل ہوا تو ڈائریکٹر نے مجھے دیکھ کر بہت برا منہ بنایا اور ریجیکٹ کر دیا۔
اُنہوں نے بتایا کہ مجھے اس ڈائریکٹر نے جس برے انداز سے ریجیکٹ کیا تو پہلے تو سمجھ نہیں آیا کہ میں اب کیا کرو لیکن خیر اتنے برے طریقے سے ریجیکٹ ہونے کے بعد جو تھوڑی بہت عزت بچی تھی اسے لپیٹ کر میں وہاں سے نکل آیا۔
فہد شیخ نے یہ بھی کہا کہ میں اپنے کیریئر کے آغاز میں پیش آنے والی مشکلات کی وجہ سے رویا بھی ہوں کیونکہ ہر نیا شہر انسان کو اندر سے توڑتا ہے اور اگر نیا شہر ہمارے ساتھ اس طرح کا سخت سلوک نہ کرے تو شاید پھر انسان کے کام میں نکھار کبھی نہیں آ سکتا۔