چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود خان نے کہا ہے کہ آج پوری قوم وزیرِاعظم کا یو این کی جنرل اسمبلی سے خطاب کا انتظار کر رہی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام کا وہ پیسہ جو خُرد برد ہو جاتا تھا اُس ایک ایک پیسے کا حساب ہوگا، پاکستان میں 2017ء سے ایک بھی انویسٹمنٹ نہیں آئی۔
رانا مشہود خان نے کہا کہ آج پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ بے روزگاری ہے، پوری دنیا میں فری لانسر اور سیلف انٹر پرینیور شپ پر کام ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی ڈیل کو خراب کرنے کے لیے ہر طرح کا حربہ اپنایا گیا، دیوالیہ ہونے سے بچنے کے لیے آئی ایم ایف کی ڈیل 1 اور ڈیل 2 بہت ضروری تھی، میں وزیرِاعظم کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں کہ ڈیل کو کامیاب بنایا گیا۔
رانا مشہود خان نے کہا کہ آج پاکستان کی معیشت رائٹ ٹریک پر آ چکی ہے، ایف بی آر کو ڈیجیٹائز کر کے تمام منفی پہلوؤں کو ختم کیا جا رہا ہے، پاکستان میں ایس سی او اجلاس ہو رہا ہے مطلب ہے کہ دنیا پاکستان پر اعتماد کرتی ہے۔
رانا مشہود نے کہا کہ گزشتہ ادوار میں پاکستان میں براہ راست کوئی منصوبہ نہیں آیا تھا، یوتھ پروگرام پر ہم نے ایک روڈ میپ بنایا ہے جس پر سنجیدگی سے کام کیا جا رہا ہے۔