مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ خیبر پختون خوا کے ساتھ سوتیلوں جیسا سلوک نہ رکھیں، گورنر اپنی نوکری بچانے کے لیے چغلی کرنے والا نالائق بچہ بنے ہوئے ہیں۔
انہوں نے بیان میں کہا ہے کہ گورنر فیصل کریم کنڈی وزیرِ اعظم شہباز شریف کو خط ضرور لکھیں مگر ان کو اپنی ذمے داریوں کا احساس بھی دلا دیں، گورنر وفاقی حکومت کو امن و امان سے متعلق بیان بازی کے بجائے عملی اقدامات کی تلقین کریں۔
بیرسٹرسیف کا کہنا ہے کہ گورنر وفاق کو سمجھائیں کہ کراس بارڈر دہشت گردی روکنا وفاق کی ذمے داری ہے، فیصل کریم کنڈی وزیرِ اعظم کو صوبے کے بقایاجات کے بارے میں بھی آگاہ کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ گورنر کے پی وزیرِ اعظم کو خط میں بجلی کے بقایاجات کا ذکر نہ بھولیں، خط میں بجلی اور گیس لوڈشیڈنگ کے مسائل بھی ان کے گوش گزار کریں۔
بیرسٹر سیف نے یہ بھی کہا ہے کہ گورنر وزیرِ اعظم کو لکھیں کہ خیبر پختون خوا بھی پاکستان کا حصہ ہے۔