تحریکِ انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ سے درخواست ہے کہ پارلیمان اور جمہوریت کے لیے اہم وقت ہے، عدالت آج ہی واضح آرڈر جاری کرے تاکہ ہمیں نشستیں مل سکیں۔
پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما نے ’ سب تک نیوز‘ سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ سپریم کورٹ سے درخواست ہے کہ ہمارے پارٹی ارکان کے نوٹیفکیشن جاری کرائے، الیکشن کمیشن مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن جاری کرے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ ایک بار پھر الیکشن کمیشن کو وضاحتی آرڈر جاری کر دے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ الیکشن کمیشن نے 8 میٹنگز کیں جو بد نیتی پر مبنی تھیں۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کو مخصوص نشستیں دینے کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے وضاحت کے لیے ایک بار پھر سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر درخواست سے متعلق اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ الیکشن ترمیمی ایکٹ آنے کے بعد عدالتی فیصلے پر رہنمائی کی جائے، 12 جولائی کے مختصر فیصلے پر جب وضاحت مانگی گئی تھی تب نیا ایکٹ موجود نہیں تھا۔