سینئر وزیر شرجیل میمن کی زیر صدارت انسداد منشیات سے متعلق اجلاس میں انسدادِ منشیات سے متعلق انٹیلی جنس شیئرنگ اور کوآرڈینیشن بڑھانے کے لیے فیوژن سینٹر کی تشکیل کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس اجلاس کے دوران سندھ پولیس اور اےاین ایف حکام نے منشیات کے خلاف کارروائیوں پر بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ بحالی مراکز میں درخواست دینے والوں کی تعداد 9 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے مراکز کے لیے محکمۂ صحت سے مدد لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور تعلیمی اداروں میں منشیات کی فراہمی میں ملوث 13ملزمان گرفتار کیے گئے ہیں۔
شرجیل میمن نے ہدایت دی کہ انسدادِ منشیات کے لیے اجلاس ہر 15 روز میں بلایا جائے۔
اُنہوں نے کہا کہ منشیات کے خلاف حکومت سندھ کی مہم جاری ہے، تمام اسٹیک ہولڈرز اس میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں، تعلیمی اداروں میں منشیات کے ٹیسٹ ہوں گے۔
شرجیل میمن نے یہ بھی کہا کہ تشویش ناک بات یہ ہے گھروں اور پارٹیز میں کھلے عام منشیات استعمال ہو رہی ہیں، معاشرے میں ہر طرح کے لوگ منشیات کا استعمال کر رہے ہیں۔