پاکستان کو عالمی مالیاتی ادارے ( آئی ایم ایف ) سے 7 ارب ڈالرز کے بیل آؤٹ پیکیج کی پہلی قسط موصول ہوگئی ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان ( ایس بی پی ) نے آئی ایم ایف سے قرض پروگرام کی پہلی قسط موصول ہونے کی تصدیق کردی ہے۔
ایس بی پی کے مطابق پاکستان کو آئی ایم ایف سے پہلی قسط کی صورت میں 1 ارب 2 کروڑ ڈالرز موصول ہوئے ہیں۔
آئی ایم ایف نے گزشتہ دنوں پاکستان کےلیے 7 ارب ڈالرز کے قرض پروگرام کی حتمی منظوری دی تھی ۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کا نیا قرض پروگرام 37 ماہ پر محیط ہے، یہ قرض 5 فیصد شرح سود سے کم پر مل رہا ہے۔
آئی ایم ایف اعلامیے میں کہا گیا کہ واشنگٹن میں آئی ایم ایف کی مینیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیواکی زیر صدارت ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں پاکستان کا ایجنڈا سر فہرست تھا۔
اعلامیے کے مطابق قرض پروگرام کا مقصد پاکستان میں معاشی استحکام لانا ہے۔
اس سے قبل وزارت خزانہ تصدیق کرچکا ہے کہ پاکستان کو قرض کی پہلی قسط 30 ستمبر سے پہلے مل جائے گی جبکہ دوسری قسط بھی رواں مالی سال کے دوران ہی ملے گی۔