وزیر داخلہ سندھ ضیاء لنجار کا کہنا ہے کہ میرپور خاص واقعے پر ایف آئی آر درج کر لی گئی، مقدمے کا اندراج مقتول کے وارث کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
اپنے بیان میں ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ مقدمہ، قتل و دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے، ہم عدل و انصاف پر یقین رکھتے ہیں، کوئی کتنا با اثر یا اعلیٰ افسر کیوں نہ ہو آئین اور قانون کا احترام لازم ہے۔
وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ قانون کی رٹ اور شہریوں کے تحفظ کے لیے حکومت پرعزم ہے۔
اس سے قبل مبینہ مقابلے میں ہلاک ڈاکٹر شاہنواز کے ورثاء مقدمہ درج کروانے سندھڑی تھانے پہنچے تھے، جس میں ڈاکٹر شاہنواز کی ہلاکت کا مقدمہ پولیس اہلکاروں کے خلاف درج کروانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ میرپور خاص میں توہین مذہب کے الزام میں گرفتار ڈاکٹر کی پولیس مقابلے میں ہلاکت اور اس کے بعد کے واقعات کی تحقیقات کیلئے سندھ حکومت نے اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی کمیٹی بنائی گئی تھی۔
ڈاکٹر شاہنواز کے ماورائے عدالت قتل سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا کہ عمرکوٹ پولیس نے ڈاکٹر شاہنواز کو گرفتار کرکے میرپور خاص پولیس کےحوالے کیا، میرپور خاص پولیس نے ڈاکٹر شاہنواز کو قتل کیا، مقابلہ کا نام دینے کی کوشش کی، اس واقعہ نے سندھ پولیس کے امیج کو خراب کیا۔