بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر علی گڑھ میں 7 سالہ بچے کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق علی گڑھ کے ایک اسکول میں طالب علم کے بستہ گھر بھول آنے پر استاد نے اسے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور کپڑے اتروا دیے، یہی نہیں بلکہ اسے بجلی کے جھٹکے بھی دیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق بچے نے گھر پہنچ کر اپنی والدہ کو ظلم کی داستان سنائی تو اس کے اہلخانہ نے فوری طور پر پولیس میں شکایت درج کروائی، جس کے بعد واقعے کی تحقیقات شروع کی گئیں۔
متاثرہ بچے کے خاندان نے پولیس کو بتایا کہ پرائیویٹ اسکول کے استاد نے ان کے بچے کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا ہے، جبکہ اسکول پرنسپل نے الزامات کی تردید کردی۔
پرنسپل کا کہنا ہے کہ “بچے کو بجلی کے جھٹکے دینے کی شکایت غلط ہے۔ ہم سی سی ٹی وی فوٹیج دکھانے کےلیے تیار ہیں۔ یہ الزامات بے بنیاد ہیں۔”
لودھا پولیس اسٹیشن کے انچارج راج ویر سنگھ پرمار نے بتایا کہ وہ اور ان کی ٹیم اسکول پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کر چکی ہے، ہم نے اسکول کے عملے اور منتظمین سے سوالات کرنا شروع کر دیے ہیں، جبکہ تحریری شکایت کی بنیاد پر مقدمہ درج کیا جائے گا۔