اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)خیبرپختونخوا کی پہلی خاتون پیراگلائیڈنگ پائلٹ، بینظیر اعوان نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبے میں خواتین کے لیے ایڈونچر سپورٹس کے فروغ اور خیبرپختونخوا کا دنیا کے سامنے ایک مثبت تشخص پیش کرنے کے امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی بے نظیر اعوان نے خیبرپختونخوا میں خواتین کے لیے ایڈونچر سپورٹس، خاص طور پر پیراگلائیڈنگ، کے مواقع پیدا کرنے کے لیے اپنی تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی خواتین میں غیر معمولی صلاحیتیں موجود ہیں اور انہیں ایڈونچر سپورٹس میں شرکت کے زیادہ مواقع فراہم کر کے عالمی سطح پر ان کی مہارتوں کو اجاگر کیا جا سکتا ہے۔اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے بینظیر اعوان کو ان کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ پورے پاکستان کے لیے باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینظیر اعوان نے یہ ثابت کیا ہے کہ صوبے کی خواتین کسی بھی میدان میں پیچھے نہیں ہیں اور انہیں بھرپور انداز میں آگے بڑھنے کی صلاحیت موجود ہے انہوں نے کہا کہ یوتھ انگیجنٹ اور وویمن امپاورمنٹ میری ترجیحات میں شامل ہے میں سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر کھلاڑی اور باصلاحیت نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی پالیسی پر گامزن ہوں انہوں نے کہا کہ گورنر کے دروازے باصلاحیت نوجوانوں کے لیئے ہر وقت کھلے ہیں۔