اسلام آ باد (رانا غلام قادر ) وفاقی بیورو کریسی میں اہم تقرریاں اور تبادلے، وزیراعظم شہباز شریف نے لیفٹیننٹ جنرل محمدعلی کو نیاسیکریٹری دفاع تعینات کردیا –
ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کے بعد دوسری اہم تقرری ، تعیناتی 2 سال ،3 ماہ کیلئے ، اطلاق یکم اکتوبر سے ہوگا ،وقاص عالم GMپاسکو‘اصغر DGقومی کمیشن انسانی ترقی ،محمد علی شہزاد مظفر ڈپٹی سیکریٹری خزانہ ڈویژن مقرر ، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کےنوٹیفکیشن کے مطابق نئے سیکریٹری دفاع کی تعیناتی 2 سال اور 3 ماہ کے لیے کی گئی ۔
سیکریٹری دفاع کی تعیناتی کا اطلاق یکم اکتوبر 2024 سے ان کی ریٹائر منٹ کے بعد سے ہوگا-لیفٹنٹ جنرل محمد علی 31 دسمبر 2026 تک بطور سیکریٹری دفاع تعینات رہیں گے۔
واضح رہے اس سے قبل لیفٹنٹ جنرل ریٹائرڈ حمودالزمان خان نے بطور سیکریٹری دفاع 2 سالہ مدت گذشتہ ماہ23 اگست کو مکمل ہونے پرعہدے کا چارج چھوڑا دیا تھا-
بعدازاں وزارت دفاع کے ایڈیشنل سیکرٹری میجرجنرل عامراشفاق کیانی قائم مقام سیکرٹری دفاع مقرر کیے گئے،میجرجنرل عامراشفاق کیانی نئے سیکریٹری دفاع کی جانب سے عہدہ سنبھالنے تک قائم مقام سیکرٹری دفاع کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے دفاعی نقطہ نظر سےڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کے بعد یہ دوسری اہم تقرری کی ہے-
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری کر دہ دیگر نوٹیفیکیشنز کے مطابق سینئر جوائنٹ سیکریٹری وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سیکر ٹیریٹ گروپ کے گریڈ اکیس کے افسرعلی اصغر کا تبادلہ کر کے اُنہیں ڈائریکٹر جنرل، قومی کمیشن برائے انسانی ترقی تعینات کیا گیا ، سیکرٹریٹ گروپ، گریڈ 21 کے علی اصغر کی تعیناتی ڈیپوٹیشن پر 18جولائی 2027 اُن کی ریٹائرمنٹ تک نافذالعمل ہے۔
پنجاب حکومت میں ڈیپوٹیشن پر تعینات ملٹری لینڈ اینڈ کنٹونمنٹ گروپ کے گریڈ بیس کے افسر عمر سعید چوہدری کو تبدیل کرکے وزارت مواصلات کے ذیلی ادارے نیشنل ہائی وے اتھارٹی میں تعینات کیا گیا ۔ ان کی تعیناتی دس مئی 2025تک کیلئے کی گئی ہے۔
جوائنٹ سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور پا کستان ایڈ منسٹریٹو سروس کے گریڈ بیس کے افسر وقاص عالم کا تبادلہ کر کے اُنہیں جنرل مینیجر پاکستان ایگریکلچر سٹوریج اینڈ سروسز کارپوریشن (پاسکو) تعینات کیا گیا جبکہ ایف آئی اے میں تعینات پولیس سروس گریڈ 18 کے اسفر لیفٹنٹ ( ر) کامران عامر خان کا تبادلہ کر کے اُن کی خدمات پنجاب حکومت کے سپرد کی گئی ہیں اور او ایس ڈی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن محمد علی شہزاد مظفر کو ڈپٹی سیکریٹری خزانہ ڈویژن تعینات کیا گیا ہے، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے باضابطہ نوٹیفیکیشنز جاری کر دیئے ۔