پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے باعث لیاقت باغ کو چاروں اطراف سے سیل کر دیا گیا۔
مریڑ چوک سے لیاقت باغ جانے والی شاہراہ کو بند کر دیا گیا ہے جبکہ صدر سے لیاقت باغ پر 6 پوائنٹس پر کنٹینرز لگا دیے گئے ہیں۔
لیاقت باغ کے اطراف کی گلیوں کو بھی مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر فیض آباد، شمس آباد، چاندنی چوک، رحمٰن آباد اور کمیٹی چوک کو سیل کر دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ لیاقت باغ جانے والی سڑک کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر میٹرو بس سروس بھی راولپنڈی میں معطل ہے جبکہ مری روڈ فیض آباد کی دونوں سائیڈ پر کنٹینر رکھ دیے گئے ہیں۔
فیض آباد میں ایکسپریس وے سے پیر ودھائی جانے والا راستہ گاڑیوں کے لیے بند کر دیا اور فیض آباد پل کے اوپر سے راولپنڈی جانے والے تمام راستے بھی بند کر دیے گئے۔
فیض آباد کو مری روڑ سے ملانے والے راستوں کو بھی کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا، کنٹینرز لگنے اور راستوں کی بندش سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اس کے علاوہ کنٹینرز کے اطراف پنجاب اور اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کا احتجاج، افسران کی چھٹیاں منسوخ
دوسری جانب پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے افسران کی چھٹیاں منسوخ کر دیں۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ کسی چھٹی کی اجازت نہیں، تمام افسران ڈیوٹی پر موجود رہیں گے، ضلع میں امن و امان کی صورتِ حال کے پیش نظر چھٹیاں منسوخ کی گئی ہیں۔
حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ حکم نامے کی خلاف ورزی کرنے والے پولیس افسران کو برخاست کر دیا جائے گا۔