ایرانی میڈیا کے بعد حزب اللّٰہ نے بھی اپنے سربراہ سید حسن نصر اللّٰہ کے محفوظ ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔
اسرائیل نے بیروت میں بدترین بمباری میں حزب اللّٰہ ہیڈ کوارٹرز اور حسن نصر اللّٰہ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا تاہم حزب اللّٰہ ذرائع کا کہنا ہے کہ حسن نصر اللّٰہ محفوظ ہیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق لبنان کے دارالحکومت بیروت میں رہائشی عمارتوں پر اسرائیل کے حملے جاری ہیں۔
حسن نصر اللّٰہ کو نشانہ بنانے کے لیے اسرائیلی طیاروں نے گزشتہ روز بیروت میں ایک ساتھ 15 میزائل داغے تھے جس سے 6 عمارتیں تباہ اور 8 افراد شہید اور 91 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق حسن نصر اللّٰہ بمباری کا شکار عمارت کی زیرِ زمین 14ویں منزل میں قیام کرتے تھے۔
اسرائیلی میڈیا نے حملے میں حسن نصر اللّٰہ کی بیٹی زینب نصر اللّٰہ کی شہادت کا بھی دعویٰ کیا ہے تاہم اس کی حزب اللّٰہ کی جانب سے تصدیق یا تردید نہیں ہوسکی ہے۔
اسرائیل نے تازہ حملوں میں حزب اللّٰہ کے میزائل یونٹ کے کمانڈر محمد علی اسماعیل اور ان کے نائب حسین احمد اسماعیل کو شہید کرنے کادعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حزب اللّٰہ کے اسٹرٹیجک اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں جس میں ہتھیاروں کی تیاری، گودام اور کمانڈ سینٹرز شامل ہیں۔
حزب اللّٰہ کی طرف سے بھی اسرائیل پر حملے جاری
دوسری جانب حزب اللّٰہ کی طرف سے بھی اسرائیل پر حملے جاری ہیں، رات گئے اسرائیل پر 65 راکٹ فائر کیے جس سے کئی مقامات پر آگ لگ گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی شہر تل ابیب میں حملوں کا الرٹ جاری کردیا گیا ہے اور فضائی دفاعی نظام ہائی الرٹ کر کے شیلٹرز کھول دیے گئے ہیں۔
یمنی فوج کا امریکی جنگی جہازوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
ادھر یمنی فوج نے بھی بحیرہ احمر میں 3 امریکی جنگی جہازوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
ترجمان یمنی افواج کا کہنا ہے کہ حملے میں تین امریکی ڈسٹرائیرز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
’امریکا کو بیروت حملے کا کوئی علم نہیں تھا‘
علوہ ازیں امریکی صدر جوبائیڈن کا کہنا ہے کہ امریکا کو گزشتہ روز ہوئے بیروت حملے کا کوئی علم نہیں تھا نہ کوئی شراکت تھی۔
جوبائیڈن نے پینٹاگون کو خطے میں امریکی فوجی پوزیشن کو دیکھنے کا حکم دیتے ہوئے ضرورت کے مطابق ایڈجسٹ کی ہدایت کردی ہے۔