تھائی لینڈ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، ایک 30 سالہ فیکٹری ورکر بیماری کے سبب چھٹی کی درخواست مسترد ہونے کے بعد چل بسی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بینکاک میں نجی کمپنی میں کام کرنے والی خاتون ملازمہ نے آنتوں کے مرض کے سبب ستمبر کے آغاز میں 4 یوم کی چھٹی لی تھی۔
مکمل طور پر صحت یاب نہ ہونے کے سبب مذکورہ خاتون نے اپنے منیجر سے چھٹی میں مزید توسیع کی درخواست کی جو مسترد کر دی گئی۔
منیجر کی جانب سے اصرار کیا گیا کہ خاتون فوری طور پر کام پر واپس آئیں اور اپنا نیا میڈیکل نوٹ فراہم کریں۔
چھٹی کی درخواست مسترد ہونے اور ملازمت کھونے کے ڈر سے خاتون ملازمہ اگلے ہی روز دفتر پہنچ گئی جہاں صرف 20 منٹ بعد ہی اس کی حالت غیر ہوئی اور ہنگامی بنیاد پر اسے اسپتال لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فیکٹری ورکر کی بیماری کے سبب چھٹی کی درخواست مسترد ہونے کے بعد موت کی خبر نے کام کی جگہ ملازمین کی صحت کی اہمیت کے حوالے سے بڑے پیمانے پر تشویش کو جنم دیا ہے۔
بعد ازاں نجی کمپنی نے موقف دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں اپنے ملازم کی موت کا افسوس ہے، ہم نے اس واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔