اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے ایم ڈی کیٹ امتحانات کیخلاف کیس میں طلبا کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے یونیورسٹی کوایم ڈی کیٹ کا سوالنامہ ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنے کا حکم دے دیا، عدالت نے یہ حکم بھی دیاکہ یونیورسٹی ایم ڈی کیٹ کے نتائج کا اعلان آج دن ایک بجے کے بعد کرے، ، طلبہ کو نتائج کے اعلان سے پہلے سوالنامہ دیکھنے کا وقت دیا جائے ، پی ایم ڈی سی کے وکیل نے کہاکہ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ یونیورسٹی کو اپنا پیپر ویب سائٹ پر اپلوڈ کرنا چاہئے تھا۔ جہانگیرجدون ایڈووکیٹ نے کہاکہ دیگر یونیورسٹیوں کی طرح اس یونیورسٹی کو بھی پیپر اپلوڈ کرنا چاہئے تھا۔ عدالت نے استفسار کیاکہ ابھی تک پیپر اپلوڈ کیوں نہیں کیا گیا؟ ابھی جا کر پیپر اپلوڈ کریں اور عدالت کو آگاہ کریں۔ جسٹس ارباب محمد طاہرنے کہاکہ آپ شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے یہ پیپر فوری طور پر اپلوڈ کریں،یہ ایک معروف یونیورسٹی ہے ، آپ کیوں اس کو بدنام کرنا چاہ رہے ہیں؟ عدالت کی آبزرویشنز سے یونیورسٹی کو کتنا نقصان پہنچے گا؟ یونیورسٹی نے پیپر اپلوڈ نہ کر کے بہت زیادتی کی ہے۔