سندھ بھر کے شہریوں کے لیے خوش خبری اب صوبے کی تمام 11 ڈرائیونگ لائسنس برانچز سے اور گھر بیٹھے آن لائن انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ حاصل کر سکتے ہیں۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) اقبال دارا کا کہنا ہے کہ سندھ بھر میں انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کا آغاز ہو گیا ہے] اب صوبے کے ڈرائیونگ لائسنس رکھنے والے شہری آن لائن ڈرائیونگ لائسنس پرمٹ بھی بنوا سکتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ پہلے یہ سہولت صرف کراچی کے علاقے کلفٹن کی ایک برانچ میں دستیاب تھی۔
ڈی آئی جی ٹریننگ اینڈ لیسنسنگ اقبال دارا کے مطابق اب انٹرنیشنل پرمٹ کے اجراء کا آغاز آن لائن اور سندھ بھر کی 11 ڈرائیونگ لائسنس برانچز سے کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں 14ستمبر سے سندھ کے شہر، ڈویژنل شہروں حیدرآباد، نواب شاہ، میرپور خاص، سکھر اور لاڑکانہ کے علاوہ کراچی کی 6 ڈرائیونگ لائسنس برانچز سے انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ جاری کیے جا رہے ہیں۔
اقبال دارا کے مطابق نئی سہولت کے شروع ہونے سے جمعرات تک سب سے زیادہ انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ کلفٹن برانچ سے 693 جاری کیے گئے۔
ڈی ایل حیدرآباد میں 52، ڈی ایل کورنگی سے 23، ڈی ایل ناظم اباد سے 104، پی ایف سی ساؤتھ سے 65، ڈی ایل ملیر اور سعید آباد سے ایک ایک ڈرائیونگ پرمٹ کا اجراء ہو چکا ہے جبکہ 2 شہری گھر بیٹھے آن لائن انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ بھی جاری کرواچکے ہیں۔
ڈی آئی جی کے مطابق کوئی بھی شہری اگر وہ سندھ سے جاری مستقل ڈرائیونگ لائسنس رکھتے ہیں تو انہیں کسی ڈرائیونگ لائسنس برانچ جانے کی ضرورت نہیں وہ اپنے گھر یا کسی بھی ملک میں بیٹھ کر اپنا انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ جاری کر سکتے ہیں، جو ٹی سی ایس کے ذریعے ان کے دیے گئے پتے پر بھیج دیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا ہے کہ انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ کی فیس 1 ہزار 88 روپے آن لائن ادا کی جا سکتی ہے۔