حسن نصراللّٰہ کی شہادت کے بعد لبنانی تنظیم حزب اللّٰہ نے سینئر رہنما شیخ نعیم قاسم کو عارضی سربراہ چن لیا گیا۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق نعیم قاسم نئے سربراہ کے انتخاب تک حزب اللّٰہ کے معاملات سنبھال لیں گے۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ ہاشم صفی الدین کو حزب اللّٰہ کا سربراہ منتخب کیا جانے کا قوی امکان ہے۔
ہاشم صفی الدین حسن نصراللّٰہ شہید کے خالہ زاد بھائی اور داماد بھی ہیں۔
واضح رہے کہ اسرائیلی فوج نے لبنانی دارالحکومت بیروت میں بمباری میں حزب اللّٰہ کے سربراہ حسن نصر اللّٰہ کی شہادت کا دعویٰ کیا تھا۔
جس کی اب مزاحمتی تنظیم حزب اللّٰہ کی جانب سے بھی تصدیق کردی گئی ہے، ساتھ میں اسرائیل کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا ہے۔
حزب اللّٰہ نے اپنے بیان میں کہا کہ سربراہ حسن نصر اللّٰہ شہید ہوگئے۔ حزب اللّٰہ کے لبنانی چینل المنار پر حسن نصراللّٰہ کی شہادت کا اعلان کیا گیا۔
لبنانی مزاحمتی تحریک حزب اللّٰہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے خلاف غزہ، فلسطین کی حمایت میں جنگ جاری رہے گی۔ لبنان اور اس کے قابل قدر عوام کے دفاع میں اسرائیل کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔