ایرانی طیارے کی آمد پر اسرائیل نے بیروت ایئرپورٹ کا کنٹرول ہیک کر لیا۔
انادولو ایجنسی کے مطابق لبنان کے سرکاری ذرائع نے بتایا ہے کہ اسرائیلی فوج نے ہفتے کے روز بیروت کے رفیق حریری بین الاقوامی ایئرپورٹ کے کنٹرول ٹاور کو ہیک کیا، اور ایک ایرانی مسافر طیارے کو لینڈ کرنے کی کوشش کے خلاف دھمکیاں دیں۔
دھمکیوں کے بعد لبنان میں حکام نے ایرانی طیارے کو ملکی فضائی حدود میں داخلے سے روک دیا، لبنان کے وزیر ٹرانسپورٹ نے ایرانی مسافر طیارے کو بیروت ایئرپورٹ پر اترنے کی اجازت نہ دی۔
لبنانی وزارت ٹرانسپورٹ نے ایئرپورٹ کے حکام کو ہدایت کی کہ ایرانی طیارے کو لبنان کی فضائی حدود میں داخل ہونے سے روکا جائے، اسرائیلی دھمکیوں کے بعد اگر طیارہ ایئرپورٹ پر اترا تو اسے نشانہ بنایا جائے گا۔
لبنانی وزارت کے ذرائع نے انادولو کو تصدیق کی کہ یہ ہدایت اسرائیلی فوج کے جارحانہ انداز کے بعد جاری کی گئی ہے، دوسری طرف اسرائیل کی جانب سے ان اطلاعات پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔
تاہم ہیکنگ کے واقعے سے چند گھنٹے قبل اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیل ہگاری نے خبردار کیا تھا کہ حزب اللہ کو کوئی بھی ہتھیار منتقل کیے جانے کی اجازت نہیں دے گی، چاہے وہ بیروت کے ایئرپورٹ ہی سے کیوں نہ ہو۔