ایک نئی تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ دانت صاف نہ کرنا اور روزانہ فلاسنگ نہ کرنا سر اور گردن کے کینسر کے خطرے کو بڑھا سکتا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکا میں ہونے والی اس تحقیق سے معلوم ہوا کہ منہ میں پائے جانے والے خاص بیکٹیریا سر اور گردن کے کینسر، بالخصوص اسکواومس سیل کارسینوما (جو اسکی سب سے عام قسم ہے) کے خطرے کو 50 فیصد تک بڑھاسکتے ہیں۔
تحقیق میں شامل سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ یہ نتائج منہ کی صحت مند صفائی کو برقرار رکھنے کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہیں۔
نیو یارک یونیورسٹی کے پروفیسر رچرڈ ہیز کا کہنا ہے کہ “دانت صاف کرنا اور فلاسنگ کرنا نہ صرف مسوڑھوں کی بیماریوں سے بچا سکتا ہے بلکہ سر اور گردن کے کینسر سے بھی محفوظ رکھ سکتا ہے۔”
رپورٹ کے مطابق اس مطالعے میں ایک لاکھ 60 ہزار امریکیوں کے طرز زندگی، خوراک اور طبی تاریخ کا تجزیہ کیا گیا اور 15 سال کے عرصے کے دوران 236 افراد میں سر اور گردن کا کینسر تشخیص ہوا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اچھی صفائی اور باقاعدگی سے دانتوں کے ڈاکٹر کے پاس جانا اس کینسر کے خطرے کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔