بھارتی گیت نگار جاوید اختر کے چھوٹے بھائی سلمان اختر نے کہا ہے کہ اُن لوگوں کے بارے میں لکھنا آسان ہوتا ہے، جن سے کوئی نہیں ملا۔
بھارتی ویب شو میں مصنف اور نفسیاتی تجزیہ کار سلمان اختر نے اپنی نئی کتاب ’گھر کا بھیدی‘ سے متعلق گفتگو کی، جس میں ایک پورا باب اپنے بھائی جاوید اختر سے متعلق وقف کیا ہے۔
دوران گفتگو انکشاف ہوا کہ اپنی کتاب میں جاوید اختر سے متعلق پورا باب لکھنے والے سلمان اختر نے کئی برس ہوئے اپنے بھائی سے بات چیت ہی نہیں کی ہے۔
انہوں نے اس بارے میں گفتگو کی اور کہا کہ اُن لوگوں کے بارے میں لکھنا آسان ہوتا ہے، جن سے ہم نہیں ملے، جیسے میں سگمنڈ فرائیڈ، عظیم ماہر نفسیات ڈونلڈ ونی کوٹ اور فیض احمد فیض سے متعلق لکھتا ہوں، میں ان میں سے کسی سے بھی نہیں ملا ہوں۔
سلمان اختر نے مزید کہا کہ اسی لیے جاوید اختر کے بارے میں لکھنے سے میری رائے میں کوئی تضاد نہیں آئے گا، یہ دونوں چیز ممکن ہے، اگر وہ مجھ سے بات کرنا چاہتے ہیں تو یہ ایک اچھا انتخاب ہے کیونکہ میں ایک بہت ہی مہذب انسان ہوں۔
اس موقع پر جب پوچھا گیا کہ وہ کئی برس سے ان معاملات پر کیوں نہیں بولے؟ تو انہوں نے جواب دیا کہ معاملات ایسے نہیں ہیں، جن پر بات کی جاسکے، بہت سی چیزیں ہوجاتی ہیں، وہ بہت پیچیدہ ہوتی ہیں اور اہمیت کی حامل بھی ہوتی ہیں، ایسے معاملات پر عوامی سطح پر بحث نہیں کی جاسکتی۔
جاوید اختر کی تعریف کرتے ہوئے چھوٹے بھائی نے کہا کہ بڑے بھائی پڑے لکھے، ذہین، تیز عقل، کئی شعبوں میں اچھے اور باصلاحیت ہیں، اس میں کوئی شک نہیں۔