وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ جیل میں بیٹھا فسادی اور بہروپیا جو چاہتا ہے وہ نہیں ہوگا، دہشت گردوں کے ساتھ دہشت گردوں والا سلوک ہوگا، فتنہ گروپ کو راولپنڈی میں فساد کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوابی میں گنڈاپورکی کرین، فائربریگیڈ اور ایمبولینس تیارہے، وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور راولپنڈی پر یلغار کرنے آرہے ہیں، انسانی حقوق کے نام پر احتجاج کرنے کی اجازت دینے والی ہائیکورٹ کو سوچنا چاہیئے کہ ایک وزیراعلیٰ AK47 کے ساتھ حملے کرتا ہے، یہ لوگ توڑ پھوڑ اور آگ لگاتے ہیں، علی امین گنڈا پور وزیر اعلیٰ پنجاب سے عقل لے لو، صرف گن لہرا لہرا کر کچھ نہیں ہوتا کوئی ایک منصوبہ ہی دکھا دو جو تم نے کیا ہو۔ صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ کسی نے آج قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، آج کسی نے امن امان کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش کی، کسی نے سڑک بند کی، کسی نے رکاوٹیں لگائیں تو ان کے خلاف ایکشن کے لیے رینجرز تعینات کردی گئی ہے، فتنہ گروپ احتجاج کی آڑ میں فساد پھیلانا چاہتا ہے، جس کے لیے گنڈاپور صوابی سے لشکر لے کر آرہا ہے، ان کو مشورہ ہے کہ قانون کو ہاتھ میں نہ لیں، راولپنڈی میں کسی نے قانون توڑا تو سخت ایکشن ہوگا۔ ادھر صوبہ خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ عمران خان کی رہائی کا فیصلہ کن معرکہ شروع ہو چکا ہے، راولپنڈی احتجاج کے لئے تمام تر تیاریاں مکمل ہیں، عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر علی امین گنڈا پور کی سربراہی میں راولپنڈی سے ٹکرائے گا، پرامن احتجاج ریکارڈ کرانے جا رہے ہیں، راج کماری مریم نواز پولیس گردی کی کوشش نہ کریں بصورت دیگر پورا پاکستان سڑکوں پر ہوگا، جعلی مقدمات اور فارم 47 کی جعلی حکومت کے خاتمے تک احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا کیوں کہ جعلی حکومت سے نجات دلانا اب فرض بن چکا ہے