پشاور سے پنجاب آنے والے تحریک انصاف کے قافلوں اور راولپنڈی میں جمع ہونے والے کارکنوں کے ساتھ پولیس اہلکاروں کی دن بھر آنکھ مچولی چلتی رہی ۔
کارکنوں کو راستے بند ملے، پھلانگنے کی کوشش میں پولیس اہلکاروں کی جانب سے مزاحمت اور شیلنگ کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
راولپنڈی کے لیاقت باغ کے باہر جمع پی ٹی آئی کارکنوں کو پولیس نے منتشر کردیا، کئی ایک کو گرفتار بھی کیا گیا، اسلام آباد میں بھی گولڑہ موڑ کو بند رکھا گیا۔
ہفتے کو دن بھر مری سے راولپنڈی جانے والے راستے بند رہے، جہلم میں جی ٹی روڈ دریا پل پر کنٹینر رکھ کر بند کردیا گیا، چکوال شہر میں بھی متعدد سڑکيں بند رہیں، شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر دن بھر کنٹینر کھڑے رہے۔
موٹر وے ایم 2 کلرکہار، بلکسر اور نیلہ دلہہ انٹرچینج بھی بند رہے، اٹک کے مقام پر کے پی سے آنے والے کارکنوں نے چھچھ انٹرچینج کے مقام پر رکھے گئے کنٹینر ہٹائے تو پولیس نے انہیں روکنے کے لیے شیلنگ کی۔