کراچی(اسٹاف رپورٹر) نیوزی لینڈ کی ٹیم سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں فالو آن کے بعد بھی سنبھل نہ سکی اور اس کی دوسری اننگز میں 199 کے اسکور پر 5 وکٹیں گر گئیں۔ گال انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں جاری ٹیسٹ کے تیسرے روز ہفتے کو نیوزی لینڈ نے سری لنکا کی پہلی اننگز 602 رنز کے جواب میں اننگز دوبارہ شروع کی تو پوری ٹیم 88 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور اسے فالو آن کا سامنا کرنا پڑا ، مچل سینٹنر 29 رنز کے ساتھ ٹاپ ا سکورر رہے ، سری لنکا کی طرف سے پرابتھ جے سوریا نے شانداربولنگ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں ، فالو آن کے بعد بھی کیوی بیٹرز دوسری اننگز میں سری لنکن بولرز کو اعتماد کے ساتھ کھیلنے میں ناکام رہے اور کھیل کے اختتام پر اس کی 199 رنز پر 5وکٹیں گر گئیں ، ڈیون کونوے 61 ، کین ولیمسن 46 ، ریچن روندرا 12 ، ڈیرل مچل ایک اور ٹام لیتھم بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے ، ٹام بلنڈل 47اور گلین فلپس 32 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں ، نشان پیرس نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، نیوزی لینڈ کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے 315 رنز درکار ہیں۔