اسرائیلی فوج کی بمباری میں 2 سالہ فلسطینی بچی اپنی سالگرہ منانے سے پہلے ہی شہید ہوگئی تھی، اس کی والدہ نے اپنی بیٹی کی یادگار تصاویر جذباتی پیغام کے ساتھ شیئر کردی ہیں۔
غزہ میں اسرائیلی فوج کے غاصبانہ قبضے اور بمباری سے شہید ہونے والوں میں بچوں اور خواتین کی بھی بڑی تعداد شامل ہے، انہی بچوں میں ایک 2 سالہ سبرینا بھی شامل ہیں۔
جو اپنی دوسری سالگرہ منانے سے قبل ہی اسرائیلی فوج کی بمباری میں شہید ہوگئی تھیں، تاہم آج اس کی سالگرہ کے روز فلسطینی اس ننھی بچی کو بھی اپنی دعاؤں میں یاد کر رہے ہیں، جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہیں۔
سبرینا کی والدہ اور فلسطینی صحافی حنا ہریرہ نے انسٹاگرام پر اپنی بیٹی کی تصاویر کے ساتھ اس کی یادیں شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’آج سبرینا کی دوسری سالگرہ ہے، مجھے تمہاری بہت یاد آ رہی ہے, جیسے دنیا کی ہر ماں اپنی بیٹی کی سالگرہ منانے کے لیے ترستی ہے، میں تمہاری ہنسی سننا چاہتی ہوں اور یہ کہ تم کس طرح میرا نام “حنین” پکارتی تھیں! مجھے یقین ہے کہ تم جنت میں ایک شاندار مقام پر ہو، لیکن واللّٰہ، یہ بہت مشکل ہے‘‘۔
حنا ہریرہ نے مزید لکھا کہ غزہ میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں 16,860 سے زیادہ بچے شہید ہو چکے ہیں، جن میں 171 نوزائیدہ بچے شامل ہیں، جو پیدا ہوئے اور جنگ میں مارے گئے، اس کے ساتھ ایک سال سے کم عمر کے 710 سے زائد بچے اور تقریباً 36 بچے بھوک کی وجہ سے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
ایک اور فلسطینی صحافی وسام نصیر نے بھی سوشل میڈیا پر سبرینا کے ہنسنے کھیلنے کی تصاویر اور ویڈیوز کے ساتھ اس کے شہید ہونے کے بعد کی تصویر بھی شیئر کی ہے۔
جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ننھی بچی جن کپڑوں میں ساحل پر کھیلتی نظر آرہی ہے انہیں کپڑوں میں اس کی شہادت کے بعد تصویر بھی شامل ہے۔
یاد رہے کہ 7 اکتوبر کے بعد سے غزہ پر اسرائیلی فوج کی بمباری میں 41 ہزار 595 لوگ شہید اور 96 ہزار 251 زخمی ہوگئے ہیں۔