اسرائیلی فوج نے غزہ اور لبنان کے بعد اب یمن پر بھی حملہ کردیا۔ صیہونی فوج نے یمن کے پورٹ سٹی الحدیدہ پر بمباری کی جس میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔
یمنی وزارت صحت کے مطابق حدیدہ میں اسرائیلی فضائی حملوں میں 29 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے اس سلسلے میں بتایا کہ یمن کے شہر حدیدہ پر فضائیہ کے درجنوں طیارے استعمال کیے گئے۔
واضح رہے کہ حوثی ملیشیا گزشتہ برس نومبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں کے خلاف بحیرہ احمر سے گزرنے والے اسرائیلی بحری جہازوں پر حملے کرچکے ہیں۔
رواں ماہ ہی یمن کے حوثیوں نے اسرائیل پر میزائل حملہ کیا تھا اور اسے اسرائیل پر میزائل حملے کی شروعات قرار دے دیا۔
حوثی فوج کے ترجمان نے کہا تھا کہ اسرائیل پر ہائپر سونک میزائل سے حملہ کیا گیا، حوثی حملے کا ہدف اسرائیلی فوجی مرکز تھا۔
انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ اسرائیلی فضائیہ نے یمنی پروجیکٹائل پر 20 انٹر سیپٹرز داغے لیکن وہ ناکام رہے۔
ترجمان حوثی فوج کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فضائی دفاع ناکام ہوگیا۔ خدا کا شکر ہے کہ یمنی میزائل اسرائیل پہنچ گئے۔