پنجاب پولیس نے 28 ستمبر کو سیاسی جماعت کے مظاہرے کے دوران تصادم کے واقعات میں زخمی افسران اور اہلکاروں کی تفصیل جاری کردی۔
رپورٹ کے مطابق جتھوں کےحملوں میں26 پولیس افسران و اہلکار زخمی ہوئے ہیں، زخمی پولیس ملازمین کی تفصیل اور تصاویر سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ہیں۔
پنجاب یولیس کی طرف سے سوشل میڈیا پر جاری تفصیل میں بتایا گیا ہے کہ راولپنڈی میں 28 ستمبر کو بلوائیوں نے26 پولیس افسران اور اہلکاروں کو زخمی کیا۔
رپورٹ کے مطابق سیاسی جماعت کے جتھوں نے حارو برج، کٹی پہاڑی اور ایم ون موٹروے اٹک پولیس پارٹیوں پر حملے کیے، ڈنڈوں اور پتھروں سے ایس ایچ او انسپکٹر ساجد، اے ایس آئی عامر سجاد اور اے ایس آئی خرم شہزاد زخمی ہوئے۔
زخمی اہلکاروں میں عثمان علی، عمر شہزاد، شاکر علی، اکبر، عرفان علی اور اظہر کانسٹیبل عزیز احمد، ثاقب علی، عبدالمالک، مظہر اور ظہیر عباس شامل ہیں۔
بلوائیوں کے حملے میں کانسٹیبل غلام فرید، عمران، طیب حسین اور محمد عمران نشانہ بنے جبکہ کانسٹیبل عرفان، شرجیل، عمران خان، قاسم انمول اور فیضان خان بھی زخمی ہوئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 28 ستمبر کو آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا اور ڈی پی او اٹک پورا دن فیلڈ میں رہے۔