کراچی (اسٹاف رپورٹر) مالی طور پر ڈیفالٹ ہونے والے ملک سری لنکا کی کر کٹ ٹیم نے اسپنرز کی مدد سے اپنے سب سے مضبوط قلعے گال میں نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرا ٹیسٹ بھی جیت کر سیریز کلین سوئپ کرلی ۔ ہوم سائیڈ اننگز اور 154 رنز سے کامیاب ہوئی ۔یہ سری لنکا کا نیوزی لینڈ کے خلاف گال میں مجموعی طور پر چھٹا ٹیسٹ میچ تھا، جس میں وہ تمام چھ میچز جیت چکا ہے۔ ٹیسٹ کے چوتھے روز اتوار کونیوزی لینڈ کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 360 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ، گلین فلپس 78 ، مچل سینٹنر 67 اور ٹام بلنڈل 60 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ سری لنکا کی جانب سے نشان پیریز نے شانداربولنگ کا مظاہرہ کیا اور 6 وکٹیں حاصل کیں۔یہ ان کا پہلا ٹیسٹ میچ تھا۔ پرابتھ جے سوریا نے 3 اور دھننجایا ڈی سلوا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ سری لنکا نے پہلی اننگز میں 5 کھلاڑی آؤٹ 602 رنز پر ڈکلیئرڈ کی تھی جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 88 پر ڈھیر ہوگئی تھی۔ کمندو مینڈس کو پہلی اننگز میں 180 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر مرد میدان قرار دیا گیا ۔پرابتھ جے سوریا نے میچ میں نو جبکہ سیریز میں 18 وکٹیں لیں، انہیں سیریز کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔