حیدرآباد (بیورو رپورٹ) مہنگائی‘ بجلی‘ گیس کے نرخ میں کمی کے حوالے سے حکومت کی جانب سے کئے گئے معاہدے پر عملدرآمد نہ ہونے کے خلاف امیر جماعت نعیم الرحمان کی کال پر جماعت اسلامی حیدرآباد کی جانب سے حیدر چوک پر احتجاجی دھرنا دیا گیا جبکہ لبنان میں اسرائیلی بمباری سے شہید ہونے والے حزب اللہ کے رہنما حسن نصراللہ کی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی گئی۔ احتجاجی دھرنے سے حافظ طاہر مجید‘ عبدالوحید قریشی،عقیل احمد خان،عبدالقیوم شیخ، عدنان دانش،مشتاق احمد خان نے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بجلی اور گیس سستی کی جائے‘ ظالمانہ ٹیکس ختم کر کے عوام کو ریلیف دیا جائے تاکہ عوام سکون کا سانس لے سکیں۔ مقررین نے کہا کہ حکومت نے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کرکے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے‘ ظالمانہ ٹیکس لگا کر غریب سے جینے کا حق چھینا جارہا ہے۔ فارم 47کی جعلی حکومت آئی پی پیز کے ساتھ مل کر عوام کا خون چوس رہی ہے جس کے خلاف جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں سڑکوں پر ہے۔