کراچی (اسٹاف رپورٹر) شکار پر جھپٹنے کیلئے ماہر پینتھرز نے یکطرفہ مقابلے کے بعد لو اسکورنگ فائنل میں مارخورز کو بے بس کرتے ہوئے پانچ وکٹوں سے شکست دے کر چیمپئنز ون ڈے کپ کرکٹ ٹورنامنٹ جیت لیا۔ اتوار کو کھیلے گئے فائنل کیلئے ٹیم میں آنے والے آف اسپنر ساجد خان میچ پر بھرپور اثر چھوڑنے میں کامیاب ہوئے۔ انہوں نے دو وکٹ لیے، 15 رنز بنائے اور دو کیچز بھی تھامے۔ اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلا گیا فائنل دوسری بیٹنگ کرنے والی ٹیم کے نام رہا، ایونٹ کے زیادہ تر میچوں میں پہلی بیٹنگ کرنے والی ٹیم فاتح رہی۔ ساجد خان پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ محمد حسنین نے عمدہ بولنگ کا سلسلہ فائنل میں بھی جاری رکھا۔ انہیں ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ وہ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 17 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ فائنل میں پرجوش شائقین کے سامنے مارخورز کے کپتان افتخار احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پینتھرز کے بولرز نے 33.4 اوورز میں صرف 122 رنز پر پوری ٹیم کو فارغ کردیا ۔ پینتھرز کو ہدف تک پہنچنے کے لیے پانچ وکٹوں کا نقصان اٹھانا پڑا اور اس نے مطلوبہ اسکور 18 اوورز میں پورا کرلیا۔ مارخورز کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ تیسرے اوور سے ہی شروع ہوگیا تھا جس کے بعد وہ کسی بھی موقع پر بڑا اسکور کرنے کی پوزیشن میں نہ آسکی۔ مارخورز کی اننگز میں فخر زمان پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 46 رنز بناکر نمایاں رہے۔ حسیب اللہ نے تین چوکوں کی مدد سے27 رنز بنائے۔ فخر اور حسیب کے درمیان تیسری وکٹ کی شراکت میں 56 رنز بنے۔ کپتان افتخار احمد 3، ٹورنامنٹ میں دو سنچریاں بنانے والے کامران غلام 2 ، زین عباس 6 اور عبدالصمد بغیر کوئی رن بنائے ڈریسنگ روم لوٹ گئے۔ مارخورز کی آخری 8 وکٹیں اسکور میں صرف 40 رنز کا اضافہ کرسکیں۔ محمد حسنین نے38 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ لیفٹ آرم اسپنر عرفات منہاس نے 2.4 اوورز کی بولنگ میں صرف ایک رن دے کر 3 وکٹیں حاصل کرڈالیں۔ فائنل کے لیے پینتھرز کی ٹیم میں شامل کیے جانے والے آف اسپنر ساجد خان نے 24 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔ اوپنرز عبدالواحد بنگلزئی اور عمر صدیق نے پینتھرز کو 51رنز کا اسٹارٹ دیا۔ عمرصدیق 19 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ون ڈاؤن پر بیٹنگ کے لیے آنے والے ساجد خان 15 اور عثمان خان 13 رنز بنا پائے۔ عبدالواحد بنگلزئی 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے41 رنز اسکور کرکے عمران جونیئر کی گیند پر آؤٹ ہوئے جنہوں نے اسی اوور میں حیدر علی کو بھی صفر پر آؤٹ کردیا۔پینتھرز کی پانچویں وکٹ 94 کے اسکور پر گری تو اسے جیت کے لیے 29 رنز درکار تھے اس موقع پر رضوان محمود اور کپتان شاداب خان نے اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کردیا۔ رضوان 3 چوکوں کی مدد سے 16 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ شاداب نے شاہنواز دھانی کی گیند پر چھکے کے ساتھ جیت کو تکمیل تک پہنچادیا۔ وہ ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 14 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔عثمان خان (272 رنز ) ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹر۔ محمد حسنین ( 17 وکٹ) بہترین بولر اور عثمان خان ( سات کیچز ایک اسٹمپڈ ) بہترین وکٹ کیپر قرار پائے۔نوجوان فاسٹ بولر علی رضا ٹورنامنٹ کے بہترین ایمرجنگ کرکٹر قرار پائے۔