سندھ ہائی کورٹ میں کنٹونمنٹ بورڈ ملیر کے مکینوں کے بلوں میں میونسپل ٹیکس کی کٹوتی کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ ملیر کنٹونمنٹ بورڈ پہلے ہی کنزروینسی ٹیکس وصول کر رہا ہے، ستمبر کے بجلی کے بل میں کے الیکٹرک نے میونسپل چارجز بھی شامل کیے ہیں، کنٹونمنٹ علاقوں سے کے ایم سی میونسپل ٹیکس وصول نہیں کر سکتی، کنٹونمنٹ بورڈ کے ایم سی کے مقابلے میں زائد ٹیکس وصول کر رہا ہے، آئین تمام شہریوں کو مساوی حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ کے الیکٹرک اور کے ایم سی کو کنٹونمنٹ علاقوں سے میونسپل ٹیکس وصولی سے روکا جائے، کنٹونمنٹ بورڈ کو کے ایم سی کے مساوی ٹیکس کی کٹوتی کا حکم دیا جائے۔
بعد ازاں عدالت نے 2 ہفتوں کے لیے درخواست پر سماعت ملتوی کرتے ہوئے فریقین سے جواب طلب کر لیا۔