فرانس میں پاکستان فیسٹیول کے چھٹے ایڈیشن کا انعقاد کیا گیا۔
اس حوالے سے رنگا رنگ تقریبات کا انعقاد فرانس کے نواحی علاقے کار لاکونس میں کیا گیا، جس میں 100 سے زائد اسٹال لگائے گئے۔
فیسٹیول کے آرگنائزرز میں چوہدری ابرار کیانی، چوہدری تنویر احمد، مشتاق خان جدون، چوہدری حمزہ تاج سکھیرا، عمیر بیگ، چوہدری فاروق احمد کورسی، رضی الحسن ڈھل، ملک واجد حسین اور روحی بانو شامل ہیں۔
یہ فیسٹیول روحی بانو کی کاوش کا نتیجہ ہے کہ فیسٹیول کو چار چاند لگ گئے، جس کے ذریعے پاکستانی پکوانوں، مصنوعات اور کلچر و ثقافت کو فروغ ملا۔
سفیرِ پاکستان عاصم افتخار احمد نے پاکستان فیسٹیول میں پاکستانی ثقافت اور کھانوں کی شاندار تقریب میں جیڈا ٹیکٹاچ، مائر ڈی ویلیئرز لی بیل، کارلوس مارٹنز بلونگو، ڈیپوٹی ڈو ویل ڈی اویس اور پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ شرکت کی جبکہ ہیڈ چانلسری کاشف جمیل بلوچ سمیت سفارت خانے کے عملے اور پاکستان کمیونٹی کے بچوں نے بھی شرکت کی۔
پاکستانی، فرانسیسی اور دیگر شرکاء نے قابلِ ذکر تعداد میں تقریب میں شرکت کی۔
پاکستانی سفیر نے پاکستانی کمیونٹی کی فرانسیسی معاشرے اور دوستی کے لیے گراں قدر خدمات کو سراہا۔
انہوں نے فیسٹیول کی تعریف کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اس قسم کے پروگرام زیادہ سے زیادہ ہونے چاہئیں۔