حزب اللّٰہ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل نعیم قاسم کا کہنا ہے کہ حزب اللّٰہ ہیڈکوارٹر پر بمباری کے وقت کمانڈروں کے اجلاس کا اسرائیلی دعویٰ جھوٹا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق حزب اللّٰہ کے سربراہ حسن نصراللّٰہ کی شہادت کے بعد ڈپٹی سیکریٹری جنرل نعیم قاسم نے پہلا خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حزب اللّٰہ نے ایک عظیم اور مدبرانہ صلاحیتوں کا حامل سربراہ کھویا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لبنان کے تمام علاقے اسرائیل کے جنگی جنون کی زد میں ہے، لبنان کا کوئی شہر، علاقہ اور دیہات اسرائیل کی اجتماعی قتل و غارت سے بچ نہیں سکا، امریکا لبنان پر جاری اسرائیل کی ننگی جارحیت کی پشت پناہی کر رہا ہے۔
رہنما حزب اللّٰہ نے کہا کہ شہید حسن نصراللّٰہ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے مزاحمت کا راستہ جاری رکھیں گے۔ حزب اللّٰہ کے مزاحمت کاروں نے میدان جنگ نہیں چھوڑا، مزاحمت کار شہید حسن نصراللّٰہ کا مشن جاری رکھنے کے لیے ہرطرح سے تیار ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ حزب اللّٰہ اسرائیل کی جانب سے زمینی جنگ کے لیے ہر طرح سے تیار ہے، اسرائیل کو سال 2006 کی شکست یاد تازہ کرا دیں گے۔ جنگ بہت طویل ہے اور حزب اللّٰہ لبنانی عوام کی حمایت سے اسرائیل کو شکست دےگی۔
انہوں نے کہا کہ اعلیٰ رہنماؤں اور کمانڈروں کی شہادت سے حزب اللّٰہ کی جنگی صلاحیت میں کوئی کمی نہیں ہوئی، حزب اللّٰہ کا ہر مجاہد زمین پر اسرائیلی فوج سے لڑنے کا بیتابی سے منتظر ہے۔
نعیم قاسم کا کہنا ہے کہ اعلیٰ رہنماؤں کی عدم موجودگی میں حزب اللّٰہ کے پاس تنظیمی ڈھانچہ چلانے کےلیے متبادل قیادت ہے۔