رنویر سنگھ بیٹی کی پیدائش کے بعد پہلی مرتبہ عوامی سطح پر نظر آئے، اس دوران انکے چہرے سے باپ بننے کی خوشی بھی چھلکتی رہی۔
بھارتی اداکار اپنی جذباتیت اور فوٹوگرافروں کے ساتھ دوستانہ تعلقات کےلیے جانے جاتے ہیں، حال ہی میں پاپارازی (فوٹوگرافر) سے ملے جنہوں نے انہیں بیٹی کی پیدائش پر مبارکباد دی۔
رنویر سنگھ نے اپنے منفرد انداز میں بیٹی کی پیدائش پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہیں ایک ویڈیو میں کالے سوٹ میں ملبوس دیکھا جاسکتا ہے جبکہ ان کی داڑھی اور لمبے بالوں نے فلم “پدماوت” میں ان کے کردار علاء الدین خلجی کی یاد دلا دی۔
فوٹوگرافروں نے جب انہیں مبارکباد دی تو انہوں نے خوشی کے ساتھ ہاتھ ملایا اور جاتے ہوئے کہا ‘باپ بن گیا رے’ جس پر فوٹوگرافرز نے خوشی کا اظہار کیا۔
مداحوں نے ان کے اس خوشی بھرے انداز کو پسند کیا۔ ایک مداح نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ “کتنے پیارے انداز میں کہا باپ بن گیا، وہ بہت خوش ہیں۔” ایک اور صارف نے لکھا “جو بھی ہو، بندہ ہمیشہ کمال لگتا ہے۔” ایک اور مداح نے تبصرہ کیا، “ڈیشنگ، ہمیشہ فیورٹ۔”
خیال رہے کہ رنویر سنگھ اور دیپیکا پڈوکون نے چند ہفتے قبل انسٹاگرام پر اپنی بیٹی کی پیدائش کا اعلان کیا، جس میں لکھا تھا “خوش آمدید بیٹی! 8.9.2024، دیپیکا اور رنویر۔”
واضح رہے کہ اسٹار جوڑی 14 نومبر 2018 کو اٹلی کے لیک کومو میں چھ سال کی دوستی کے بعد شادی کے بندھن میں بندھی تھی۔