آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی، جیو اور جنگ کے اشتراک سے جاری 35 روزہ ”ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی“ کے پانچویں روز اداکار و ہدایت کار خالد احمد کا مزاحیہ ڈرامہ ”کراچی کا بچھو“ پیش کیا گیا۔
اس ڈرامے کا مقصد مولیئر کے کلاسیک ڈرامہ "Tartuffe” کو کراچی کے عصری ماحول میں زندہ کرنا تھا۔ کہانی دو پڑوسی خاندانوں اور ان کی معاشرت کی عکاس تھی جو ان کے نوکروں کے گرد گھومتی ہے جن کی کہانی میں مزاح اور تفریحی عناصر نمایاں ہوتے ہیں۔
60 منٹ کے دورانیے پر مشتمل اس کھیل سے خواتین اور حضرات کی بڑی تعداد محظوظ ہوئی۔
جن فنکاروں نے ڈرامہ ”کراچی کا بچھو“ میں پرفارم کیا ان میں فضل احمد چشتی، وقاص اختر، اسامہ خان، زبیر بلوچ، ارشد شیخ، یاسمین عثمان، حسنین فلک، عاصم خٹک اور جبران خان نمایاں تھے۔
شائقین کی جانب سے تھیٹر ”کراچی کا بچھو“ بہت پسند کیا گیا، ڈرامے کے دوران پورا ہال قہقہوں سے گونجتا رہا۔
واضح رہے کہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں جاری 35 روزہ ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی 30 اکتوبر تک جاری رہے گا۔ جس کے ٹکٹ آرٹس کونسل کراچی اور ٹکٹ والا ڈاٹ کام سے حاصل کیے جاسکتے ہیں۔
آرٹس کونسل کے ممبران 50 فیصد رعایت پر آرٹس کونسل سے باآسانی ٹکٹ حاصل کرسکتے ہیں۔