پاکستان کے ٹاپ کراٹے کاز سعدی عباس نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کرلیا۔
سعدی عباس نے اعلان کیا ہے کہ وہ ساؤتھ ایشین گیمز میں شرکت کے بعد ریٹائر ہو جائیں گے، ہدف ملک میں اپنے شائقین کے سامنے گولڈ میڈل جیتنا ہے۔
واضح رہے کہ ساؤتھ ایشین گیمز آئندہ برس پاکستان میں ہونے ہیں۔
پاکستانی کھلاڑی نے ایشیا اور ساؤتھ ایشیا کی سطح پر پاکستان کے لیے گولڈ میڈلز جیتنے کے علاوہ دیگر کئی بین الاقوامی مقابلوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔
لاہور میں گفتگو کے دوران سعدی عباس نے کہا کہ ساؤتھ ایشین گیمز پاکستان میں ہو رہے ہیں، میں یہاں کبھی کسی انٹرنیشنل مقابلے میں پاکستان کے شائقین کے سامنے ایکشن میں نہیں آیا۔
انہوں نے کہا کہ اس لیے اب میرا ہدف ہے کہ پہلی مرتبہ پاکستان میں کسی انٹرنیشنل مقابلے میں حصہ لوں اور پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتوں اور اس کے بعد میں کراٹے کو خیرباد کہہ دوں گا۔
سعدی عباس نے کہا کہ ایشین گیمز سے قبل گھٹنے کی تکلیف کا شکار ہوا تو کراٹے کو خیر باد کہنے کا سوچا لیکن فیڈریشن نے متحرک کیا کہ اپنے ملک میں ساؤتھ ایشین گیمز میں گولڈ میڈل لو اور پھر کراٹے کو چھوڑنا۔
سعدی عباس نے بتایا کہ اس کے لیے میں نے کم بیک کیا اور چین میں ہونے والی ایشین کراٹے چیمپئن شپ میں حصہ لیا، پہلی فائٹ جیتا دوسری جیت نہ سکا لیکن مقابلہ اچھا رہا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ساؤتھ ایشین گیمز سے پہلے کامن ویلتھ چیمپئن شپ میں حصہ لوں گا، اس کے بعد ایک دو اور انٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت کا پلان ہے۔