وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمی بخاری کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی انڈے کھائیں، مرغی کھائیں یا یخنی پلاؤ کھائیں مریم نواز کو کوئی پرواہ نہیں۔
انہوں نے بیرسٹر سیف کے بیان پر ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ جھوٹ بولنا اور سنسنی خیز خبریں بنوانا بشریٰ بی بی کا پرانا شوق ہے، روزانہ خبروں میں رہنے کا یہ بہت بھونڈا طریقہ ہے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ مریم نواز کے فرشتوں کو بھی خبر نہیں کہ بشریٰ بی بی اڈیالہ جیل کے کس سیل میں ہیں، ان کو جیل میں ان کے شوہر کی طرح بی کلاس کی سہولتیں دی گئی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ مریم نواز کو بانیٔ پی ٹی آئی کے دورِ حکومت میں جن اذیتوں کا سامنا کرنا پڑا بشریٰ بی بی ان سب سے محفوظ ہیں، مریم نواز کو کوٹ لکھپت جیل اور نیب کے عقبت خانے میں جن حالات میں رکھا گیا یہ سب بشریٰ بی بی کی خواہش پر تھا۔
وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا ہے کہ مریم نواز نے جیل کی سختیاں برداشت کر لیں لیکن کبھی عورت کارڈ استعمال نہیں کیا، بشریٰ بی بی توشہ خانے کے تحائف چوری کرنے اور 190 ملین پاؤنڈ کی بندر بانٹ کے جرائم میں جیل میں قید ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان دونوں میاں بیوی کو جیل میں جو سہولتیں میسر ہیں ان کا ایک آزاد شہری تصور بھی نہیں کر سکتا، بشریٰ بی بی اور بانیٔ پی ٹی آئی وی آئی پی انداز میں جیل کاٹ رہے ہیں۔