مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا بیرسٹر محمد علی سیف نے الزام عائد کیا ہے کہ مریم نواز کے احکامات پر جیل میں بشریٰ بی بی کو تنگ کیا جا رہا ہے۔
ایک بیان میں بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ باپردہ خاتون کی کیمروں کے سامنے تلاشی لے کر تضحیک کی جا رہی ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ بشریٰ بی بی کو رات کو نیند سےجگا کر سیل کی تلاشی کے بہانے ذہنی اذیت دی جا رہی ہے یہاں تک کہ بالوں کی تلاشی بھی لی جا رہی ہے۔
مشیرِ اطلاعات خیبرپختون خوا نے کہا کہ بشریٰ بی بی کے ذریعے بانیٔ پی ٹی آئی کو توڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن بشریٰ بی بی ڈٹ کر خان صاحب کے ساتھ کھڑی ہیں اور ان کی طاقت بنی ہوئی ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ مریم نواز کی حکومت میں خواتین پر ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں۔
بیرسٹر سیف نے یہ بھی کہا کہ پشاور کی بزرگ خاتون کو بھی گرفتار کر کے پابندِ سلاسل کیا گیا، مریم نواز اتنا ظلم کریں کہ کل پھر برداشت بھی کر سکیں۔