معروف اسلامی اسکالر مبلغ ڈاکٹر ذاکر نائیک کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لوگ بہت محبت کرنے والے ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ممتاز اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے ملاقات کی۔
ایاز صادق نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ڈاکٹر ذاکر نائیک کا خیر مقدم کیا۔
ملاقات میں امتِ مسلمہ و درپیش چیلنجز، بین المذاہب ہم آہنگی سمیت دیگر امور پر گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ امت مسلمہ کو اختلافات بھلا کر متحد ہونے کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک کا کہنا ہے کہ اسلام امن، محبت اور بھائی چارے کا دین ہے، میرے تبلیغی کام کا مقصد دنیا میں اسلام کے پیغام کو اجاگر کرنا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ اسلام مکمل ضابطۂ حیات ہے، اسلامی تعلیمات امن، رواداری اور محبت کا پیغام دیتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو ایک دوسرے کے ساتھ مل کر چلنے کی ضرورت ہے، آئین پاکستان میں تمام شہریوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں۔
ایاز صادق کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کو ان کے حقوق کا مکمل تحفظ حاصل ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی کے ہمراہ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے ایوان کا دورہ بھی کیا۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک گزشتہ روز اسلام آباد پہنچے
واضح رہے کہ گزشتہ روز معروف اسلامی اسکالر مبلغ ڈاکٹر ذاکر نائیک اسلام آباد پہنچے تھے۔
وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود اور ایڈیشنل سیکریٹری وزارتِ مذہبی امور عطاء الرحمٰن نے ان کا استقبال کیا تھا۔